عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس یاد آتا ہوگا، اس لیے نیند بھی نہیں آتی ہوگی، خواجہ آصف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس یاد آتا ہوگا، اس لیے نیند بھی نہیں آتی ہوگی۔سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ لانگ مارچ میں جو واقعہ ہوا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس قسم کے واقعات سے سیاسی فائدہ اٹھانا بھی قابل مذمت ہیں، جو لوگ زخمی ہوئے ان کا کوئی میڈیکل نہیں ہوا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جس صوبے میں واقعہ ہوا، حفاظت کی ذمہ داری صوبے کے وزیراعلیٰ کی تھی، وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہوئی، اپنی مرضی کی ایف آر کے چکر میں مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کے بیان کی 3 ویڈیوز جاری ہوئیں جن میں وہ کہہ رہا ہے کہ نشانہ چوک گیا، واقعےکی جگہ سے صرف پستول کے نہیں، ایس ایم جی کے خول بھی ملے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کو سب سے زیادہ پریشانی اس ماہ کے آخر میں ہونے والے فیصلے پر ہے، عمران کی خواہش تھی کہ وہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگائیں گے، آرمی چیف لگانے کے فیصلے کا اختیار شہباز شریف کے پاس ہے، آرمی چیف کی تقرری میں آئینی طریقہ کار کو فالو کیا جائے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت کو 9 سال ہوگئے، ایک وعدہ پورا نہیں ہوا، کے پی میں کٹے، انڈے چوزے، نوکریاں؟ وہ کہاں گئے، کہتا تھا کہ میں کرپشن ختم کروں گا، وہ خود کرپشن میں نااہل ہوا، چند دن رہ گئے ہیں یہ سارا ملبہ صاف ہو جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جھگڑا اس بات کا ہے کہ ایف آئی آر میں نام کس کا ہونا چاہیے، ان لوگوں نےدولت اتنی اکٹھی کرلی ہے اس کی حفاظت کے لیے پاپڑ بیل رہے ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ آنے والے دنوں میں حالات بہت بہتر ہوں گے۔