میری اور بیوی کی ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے بیٹی کو بھیجی گئیں، اعظم سواتی

لاہور (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی نے بتایا ہے کہ ان کی اپنی بیوی کیساتھ ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے بیٹی کو بھیجی گئیں۔اعظم سواتی لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔ انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ کے ساتھ میری ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے میری بیٹی کو بھیجی گئیں۔ بیٹی نے کہا کہ جب آپ کوئٹہ گئے تھے یہ اس کی ویڈیو ہے۔اعظم سواتی نے پوچھا کہ ایک بیٹی جب اپنے باپ کو کہے کہ یہ ویڈیو آپ کی اور مما کی ہے تو سوچیں اس باپ پر کیا گزرے گی، صادق سنجرانی تم نے سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز میں میرے قیام کا انتظام کیا تھا اور مجھ سے کہا تھا کہ چونکہ سپریم کورٹ کا کوئی جج اس وقت کوئٹہ میں موجود نہیں تو آپ لاجز میں رہ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عزت کو تار تار کیا گیا، زندہ لاش کی طرح روز جیتا مرتا ہوں، اعظم سواتی

انہوں نے کہا کہ وہ درندے و کالی بھیڑیں جو اس کام پر مامور ہیں کہ اگر کسی شخص کی کوئی کرپشن یا غیر اخلاقی چیز نہیں مل رہی تو اس کی بیوی کے ساتھ ویڈیو نکال لو۔پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ میرا کیا قصور ہے جو ویڈیو سامنے لائی گئی، خاوند و بیوی کا تقدس پامال کیا گیا، سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کب انصاف ملے گا۔

اعظم سواتی نے مزید کہا کہ خود کشی نہیں کرسکتا لیکن اس ملک میں رہ کر ظلم کا مقابلہ کروں گا۔