عمران خان کی ذات سے ملک کو خطرہ ہے، وزیر دفاع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کی خواہشات کی کوئی حد نہیں، یہ آئین کو بار بار پامال کر رہا ہے، اس کی ذات سے ملک کو خطرہ ہے۔سیالکوٹ میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اداروں کے نام لینے بند کریں، اس کے خلاف ایکشن ہوگا، حکومت کی جو ذمہ داری بنتی ہے، حکومت نبھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت ان کے سابق وزرا کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیرآباد واقعہ کی آج بھی مذمت کرتے ہیں لیکن اس قسم کے واقعات میں میڈیکل ہوتا ہے، پوسٹ مارٹم ہوتا ہے، جائے وقوعہ کو سیل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اسپتال سے مرضی کا سرٹیفکیٹ لیا، پہلی اطلاع پاؤں پر گولی لگی، اب دونوں ٹانگیں باندھی ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کی جان گئی، اس کو پستول کی گولی نہیں لگی، وہاں اور بھی ہتھیار تھے۔