عمران خان کو گولی مارنے کی دھمکی دینے والا ن لیگی رہنما گرفتار

لاہور(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گولی مارنے کی دھمکی دینے والے ن لیگ کے سابق ضلعی وائس چئیرمین رائے قمر کو گرفتار کر لیا گیا۔مشیر وزیراعلیٰ پنجاب اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ حافظ آباد پولیس نے مفروری کی کوشش کرتے ہوتے ہوئے گرفتار کیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے ن لیگ کے سابق وائس چیئرمین ضلع حافظ آباد رائے قمر کی جانب سے عمران خان کو سنگین دھمکیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا حکم دیا تھا۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ قتل کی دھمکیاں دینے والے کو قانون کی گرفت میں لایا جائے جبکہ عمران خان کو دھمکیاں دینے والے کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالہٰی نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔