عمران خان کو شوکت خانم اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو شوکت خانم اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔عمران خان لاہور میں اپنے گھر زمان پارک میں قیام کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اللّٰہ والا چوک میں چند روز قبل پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی تھی، جس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔
میرے خلاف سب کچھ اسکرپٹ کے تحت کیا گیا، عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف سب کچھ اسکرپٹ کے تحت کیا گیا، چاہتا ہوں صاف اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہے، وزیر آباد میں ہوئے حملے کو 3 دن ہو گئے مگر ہم ایف آئی آر درج نہیں کروا پا رہے۔
عمران خان نے کہا کہ پستول چلانے والے کا انٹرویو لیک کیا گیا، پولیس کہتی ہے ان پر پیچھے سے دباؤ تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف نے میرے خلاف پریس کانفرنس کی، شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن کی بات کی ہے، اس کو ویلکم کہتا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ ہے کہ ارشد شریف کو کس سے خطرہ تھا، اس پر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ منگل سے وزیر آباد سے مارچ شروع کریں گے، مارچ کے شرکاء سے ہر روز یہاں سے خطاب کروں گا۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ راولپنڈی خود آؤں گا پھر اس مارچ کو لیڈ کروں گا، ہمارا لانگ مارچ 10 سے 15 دن میں راولپنڈی پہنچے گا۔