قلات میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے قلات کے علاقے منگوچر میں کارروائی کر کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ٹی ترجمان کے مطابق منگوچر قلات میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو اسلحہ و بارود کے ساتھ گرفتار کیا، جو تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
اعلامیے کے مطابق دہشت گرد کے قبضے سے 1.5 کلو گرام بارودی مواد، پریما کورڈ 5 میٹر، 2 الیکٹرانک ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تحقیقات میں مزید دو ساتھیوں محراب اور کمبیر نامی افراد کے نام بتائے جنہوں نے تخریب کاری کے لیے ملزم کو اسلحہ اور باردوی مواد فراہم کیا تھا۔
ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد سی ٹی ڈی نے خضدار میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی جبکہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز بھی کردیا ہے۔