شک ہے معظم گوندل کو عمران خان کے گارڈ کی گولی لگی، عطا تارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہمیں شک ہے کہ معظم گوندل کو عمران خان کے گارڈ کی گولی لگی ہے۔گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو اسلام آباد کی حدود میں داخل بھی نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے کنٹینر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان سمیر کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور حکومت پاکستان کی طرف سے 50 لاکھ کا چیک دیا۔انہوں نے کہا کہ سمیر کی موت کا پرچہ انتہائی کمزور دیا گیا ہے، مقدمہ پرویز الہٰی پر درج ہونا چاہیے، وہی اس سب کے ذمے دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرآباد واقعے کا پرچہ درج نہیں ہوا، مجھ پر اور سائرہ تارڑ پر پرچہ درج کروادیا گیا، ہم چاہتے ہیں اس واقعے کی شفاف تحقیقات ہوں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جسے گولی لگے، اسے مقامی اسپتال لے جایا جاتا ہے، آپ پٹیاں باندھ کر لیٹ جاتے ہیں، ہمیں شک ہے معظم گوندل کو گارڈ کی گولی لگی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ اقتدار سے نکلنے کے بعد اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں، مقدمہ وزیراعظم یا وزیر داخلہ پر نہیں وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف درج ہونا چاہیے۔عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ اسلام آبادمیں کنٹینر لگیں گے، لانگ مارچ والوں کو اسلام آباد میں پھڑکنے بھی نہیں دیں گے۔