موجودہ نالائق، نااہل اور سیلکٹڈ حکومت اکثریت کھوچکی ہے، عبدالغفور حیدری

شکرگڑھ(قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما سینٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ موجودہ نالائق ، نااہل اور سیلکٹڈ حکومت اکثریت کھوچکی ہے۔پیپلز پارٹی اور ن لیگ اگر متفق ہوتی تو جعلی حکومت کب کی گھر جاچکی ہوتی ۔ شکرگڑھ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے غفور حیدری نے کہاکہ پی ڈی ایم متحد ہے۔ اٹھائیس اگست سے کراچی میں دوبارہ متحرک ہو رہی ہے ۔پیپلز پارٹی اور اے این پی کے چھوڑنے کے باوجود تحریک جاری ہے۔پیپلز پارٹی نے گلگت اور کشمیر الیکشن میں جیت کر حکومت سازی کرنے کے وعدہ پر ہمیں چھوڑا۔

جو وعدہ جھوٹا نکلا۔ہم دوبارہ سے حکومت مخالف تحریک کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کے خاتمے ، ایک کروڑ نوکریوں کا خواب دیکھانے والوں کی تین سالہ صفر کارکردگی بارے بتائیں گے۔حکومت بنانے سے پہلے سیلکٹر کہتا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے۔اب سٹیٹ بینک۔وزارت خزانہ سمیت ملک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے۔جس قوم نے جھوٹینعروں اور خواب کے بدلے ووٹ دیا وہ اب بھگت رہے ہیں۔ عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے بیس سالہ عالمی طاقتوں کی جدوجہد کو ملیا میٹ کر دیا اور انکو عبرتناک شکست دی جس پر خوش ہیں۔ہماری اسلامی فلاحی ریاست میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی ریاست مدینہ کے دعویداروں کے دھرنوں کی بدولت پیدا ہوئے ہیں۔انکے ذمہ دار موجودہ حکومت ہے۔ایسے واقعات سے عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی ہے۔بجائے ملزم پکڑنے کے روزانہ کی بنیاد پر تشہیر کی جا رہی ہے۔