13 پارٹیاں الیکشن لڑنے کے قابل نہیں، جھگڑنے کا بہانہ ڈھونڈ رہی ہیں:شیخ رشید

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 13 پارٹیاں الیکشن لڑنے کے قابل نہیں اور جھگڑنے کا بہانہ ڈھونڈ رہی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ چاہتے ہیں عوام اور اداروں کی لڑائی ہو اور یہ الیکشن کی مدت بڑھائیں، وہ لوگ بھی آج عمران خان کے ساتھ ہوگئے ہیں جو پہلے اس کے ساتھ نہیں تھے، عوام کو پہلے حکومت کی پالیسیوں سے نفرت تھی، اب لوگ ان کے چہروں سے بھی نفرت کرتے ہیں۔


سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ چور دروازے سے چوروں کو چوری سے مسلط کیا گیا ہے، مولانا فضل الرحمان نے جو ناشائستہ زبان استعمال کی وہ عالم دین کم اور مولا جٹ زیادہ لگ رہے تھے، خوشی ہے وہ ہندوستانی فلم سٹاروں سے بھی آشنا نکلے۔
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ عمران خان پرحملہ مافیا کی آخری سازش نہیں، اسلام آباد سب کا ہے ہمیں کوئی طاقت اسلام آباد جانے سے نہیں روک سکتی۔