لاہور سے جعلی کرنسی بنانے والا گروہ پکڑا گیا

لاہور (قدرت روزنامہ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے جعلی کرنسی بنانے والا گروہ پکڑا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ریلوے پولیس نے جعلی کرنسی بنانے والے گروہ کو اس وقت گرفتار کیا ، جب ملزم لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین سے 94 لاکھ کی کرنسی لے جارہے تھے ، اس کے علاوہ ملزموں کے قبضے سے کیمیکل اور جعلی کرنسی بھی برآمد کی گئی ، جس کی بناء پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
چند روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جعلی کرنسی تیار کرنے والا گینگ بے نقاب ہوا ، جس کے 3 کارندے گرفتار کرلیے گئے ، پولیس نے جعلی کرنسی تیار کرنے والے گینگ کے 3 کارندوں کو گرفتار کرکے ایک لاکھ 50 ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمد کرلی ، جس کے لیے اسلام آباد میں سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی ، پولیس نے ملزمان کی جانب سے شہریوں سے لوٹے گئے 2 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے ، ملزمان خود کواسٹیٹ بینک کے افسر ظاہر کرتے تھے اور نوٹ بنانے والی مشین بھی اسٹیٹ بینک سے لانے کی یقین دہانی کراتے تھے ، ملزمان میں محمد جہانگیر ، شاہ زیب اور ملک محمد یونس شامل ہیں ، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ۔
اس سے پہلے لاہور میں فیکٹری ایریا پولیس نے بھی جعلی کرنسی اور پرائز بانڈز کا کام کرنے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کیا ، گرفتار ملزمان میں مظفر بخاری، رفاقت، علی شہباز اور آرون مسیح شامل ہیں جن سے بھاری مالیت کی جعلی کرنسی اور پرائز بانڈز برآمد کرلیے گئے ، ملزمان سے 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے جعلی پرائز بانڈ اور ہزاروں روپے کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے ، ملزمان بازاروں میں جعلی پرائز بانڈز اور جعلی کرنسی فروخت کرتے تھے ، ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔