’میں اپنی اصل شخصیت کو نہیں چُھپاتا‘: حمزہ علی عباسی کا عائزہ خان کو جواب

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنے بارے میں دیے ساتھی اداکارہ عائزہ خان کی اپنے بارے میں گفتگو کا جواب دے دیا ہے۔حمزہ علی عباسی جوکہ آج کل اپنی نئی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی کے بعد بہت خوش ہیں۔فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران اداکار نے ایک ویب شو سے خصوصی گفتگو کی۔
اس شو کے دوران حمزہ علی عباسی سے عائزہ خان کے ان سے متعلق دیے گئے ایک انٹرویو کے بارے میں سوال کیا گیا۔اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’میں سیٹس پر اپنی اصل شخصیت کو نہیں چُھپاتا، یہاں تک کہ جب ہمیں سنجیدہ یا غصّے کے مناظر شوٹ کرنے ہوتے ہیں تو میں اس طرح کا اداکار نہیں ہوں جو بالکل اسی کردار کے روپ میں نظر آئے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’میں مسلسل سنجیدہ انداز میں نہیں بیٹھ سکتا کیونکہ مجھے تفریح کرنا پسند ہے اور میں چاہتا ہوں کہ دوسرے لوگ بھی تفریح کریں‘۔حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ’درحقیقت، اگر ڈرامے میں کوئی سین بہت زیادہ سنجیدہ ہوتا ہے تو میں اس سین کے بالکل متضاد نظر آتا ہوں کیونکہ مجھے اس طرح کام کرنے میں زیادہ آسانی ہوتی ہے‘۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اداکارہ عائزہ خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ حمزہ علی عباسی کے ساتھ کام کرنا کافی مشکل ہے کیونکہ وہ سیٹس پر بہت ہنستے ہیں اور خاص طور پر اس وقت جب آپ کو کوئی سنجیدہ سین کرنا ہے اور جذبات ظاہر کرنے ہیں تو وہ ہنستے رہتے ہیں‘۔