عمران خان پر حملہ: JIT کیلئے پولیس نے 3 نام دیدیے

لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے بننے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کے لیے محکمۂ داخلہ پنجاب کو پولیس کی جانب سے 3 نام موصول ہو گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے محکمۂ داخلہ پنجاب کو موصول ہونے والے ناموں میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب ریاض نذیر گاڑھا کا نام جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ کے لیے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے لیے دیے گئے دیگر 2 ناموں میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب ناصر ستی اور اے آئی جی مانیٹرنگ احسان الحق چوہان شامل ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انٹیلی جنس کے دو افسران کے نام طے کیے جانے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی جانب سے وزیرِ آباد جلسے میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔