الیکشن کمیشن کا عمران خان کیخلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مقرر کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔خیال رہے کہ لیگی ایم این اے علی گوہر بلوچ نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر الیکشن کمیشن ئندہ ہفتے سماعت کرے گا۔ درخواست میں توشہ خانہ کیس میں نااہلی کی بنیاد پر نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
انتخابی اخراجات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر سخت کارروائی کا فیصلہ
دوسری جانب انتخابی اخراجات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کا عمران خان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی اخراجات کی تفصیلات نہ بتانے پر متعلقہ حلقوں کے ریٹرننگ افسران کا عمران خان کو شوکاز نوٹسز جاری کیا جائیگا تاہم شوکاز نوٹسز کے جواب جمع نہ کرانے پر معاملہ کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ انتخابات کے 3 روز کے اندر امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوتی ہیں تاہم عمران خان نے ضمنی انتخابات میں جیتی 6 نشستوں میں صرف چارسدہ کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ انتخابی اخراجات کی تفصیلات نہ فراہم کرنے پر الیکشن کمیشن عمران خان کو نااہل بھی قرار دے سکتا ہے۔واضح رہے کہ ماضی میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات نہ فراہم کرنے پر متعدد امیدواروں کو نااہل قرار دیا جاچکا ہے تاہم انتخابی اخراجات کی تفصیلات نہ فراہم کرنے پر سپریم کورٹ ہارنے والے امیدوار کے دوبارہ الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کرچکی ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان 16 اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں قومی اسمبلی کی 6 نشستوں پر کامیاب قرار پائے تھے تاہم انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہ کرانے پر عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں ہوسکے ہیں۔