ہم سے پوچھا جا رہا آپ کی ہی حکومت FIR نہیں کٹوا رہی، فیاض چوہان

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ہم سے پوچھا جا رہا ہے کہ آپ کی ہی حکومت ایف آئی آر نہیں کٹوا رہی۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار پر عدم اعتماد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پنجاب کے لیے 3 نام دیے ہیں، وفاقی حکومت کہہ رہی ہے کہ فیصل شاہکار ہی آئی جی رہیں گے۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ نے جو 3 نام دیے وفاقی حکومت ان میں سے ایک شخص کو آئی جی پنجاب لگائے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ احتجاج اور دھرنے کے لیے ہم نے 72 گھنٹے کی کال دی تھی، آج رات پارٹی قیادت جو کال دے گی ہم اس کے مطابق عمل کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے آج تک فوج کے خلاف بات نہیں کی، ہمارے چیئرمین نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی ان کا مسئلہ نہیں ہے۔