والدین کی علیحدگی کے بعد وزن بڑھنے کی وجہ پہلی بار ارجن کپور نے بے نقاب کردی

ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکار ارجن کپور نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کے والدین کے درمیان علیحدگی ہوئی تو وہ اس وقت صرف 11 برس کے تھے اور ان حالات میں انہوں نے کھانے میں سکون تلاش کیا جس کی وجہ سے ان کا وزن کافی بڑھ گیا تھا۔
ایک انٹرویو میں ارجن کپور نے اپنے والدین کی علیحدگی کے بعد ان کی زندگی اور ان کے جسم پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔ارجن کپور نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ گرمیوں کا موسم تھا اور میں صرف 11 برس کا تھا کہ میرے والدین کے درمیان علیحدگی ہوئی تھی جس کا میری زندگی پر گہرا اثر ہوا۔ارجن کپور نے کہا کہ والدین کی علیحدگی نے میری پوری زندگی بدل دی تھی، میں نے اداسی سے نکلنے اور خوشی تلاش کرنے کے لیے زیادہ خوراک لینا شروع کی اور صرف کھانے میں ہی مجھے سکون ملتا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں جب سکول جاتا تھا تو وہاں بچے مجھے میرے والدین کی علیحدگی کی وجہ سے تنگ کرتے تھے جس کی وجہ سے سکول جانا چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کئی سال کے بعد، جب میں نے اداکار بننے کا فیصلہ کیا تو میرے زائد وزن کی وجہ سے مجھے کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ میرا وزن 140 کلو تھا۔
ارجن کپور نے کہا کہ سلمان خان نے میرے زائد وزن کے باوجود بھی میری حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ تم اداکار بن سکتے ہو، میں تمہاری مدد کروں گا۔اداکار نے کہا کہ اس کے بعدمیں نے سلمان خان کے ساتھ رہنا شروع کیا، وہ مصروفیت سے میرے لئے وقت نکالتے تھے اور مجھے فِٹ کرنے کی ہر طرح سے کوشش کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ شروع میں مجھ سے ورزش نہیں ہوتی تھی، میں تھک جاتا تھا اور میں جب اپنا وزن دیکھتا تو کہتا تھا کہ میں یہ سب نہیں کرسکتا۔ارجن کپور نے کہا کہ سلمان خان نے میری بہت مدد کی اور مجھے اکیلا نہیں چھوڑا۔