’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ہماری فلم سازی کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی عالمی سطح پر شاندار پذیرائی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔مریم اورنگزیب نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی شاندار کامیابی پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور بیرون ملک ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بے مثال کامیابی پر خوش ہوں۔


اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ پاکستان کی فلم سازی کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے‘۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ’حکومت پاکستانی فلمسازوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے ان کی مدد کر رہی ہے‘۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ’پاکستان فلم انڈسٹری کے ہر فرد کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے‘۔یاد رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘جس میں فواد خان اور حمزہ علی عباسی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، 1979ء کی نامور کلاسک پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے۔
بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم نے ریلیز کے بعد جہاں پاکستان میں بہت سے ریکارڈ توڑے اور نئے تاریخی ریکارڈ بنائے، وہیں مبینہ طور پر بین الاقومی سطح پر برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ سمیت دیگر ممالک کی تمام پنجابی اور ہندی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔