کراچی: شیر شاہ کباڑی بازار میں 20 دکانیں جل گئیں، فائر فائٹر زخمی

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے شیر شاہ میں واقع مشہور و معروف کباڑی بازار میں آگ لگ گئی، آگ بجھانے کے دوران فائر فائٹر زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق شیر شاہ کے کباڑی بازار میں آگ لگنے سے 20 سے زائد دکانیں جل گئیں۔آگ لگتے ہی پولیس کباڑی مارکیٹ پہنچ گئی جس نے وہاں سے عام لوگوں کو باہر نکالا۔
فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جس نے کافی جدوجہد کے بعد کباڑی مارکیٹ کی دکانوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا، اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق یونین کے دفتر میں صبح 6 بجے آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ 10 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا ہے۔ایدھی و چھیپا ایمبولینس اور امدادی رضا کاروں نے جائے وقوع پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ آگ بجھانے کے دوران ایک دکان کی چھت گرنے سے 35 سالہ فائر فائٹر محمد اکرم ولد محمد سلیم زخمی ہو گیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔