موجودہ صورتحال پر عمران خان اور پارٹی پالیسی بہت واضح اور غیرمبہم ہے،شاہ محمود
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال پر چیئرمین عمران خان اور پارٹی پالیسی بہت واضح اور غیر مبہم ہے . سینئر وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید اور رہنما پی ٹی آئی جمشید چیمہ کی غیر ملکی میڈیا نمائندوں سے ملاقات ہوئی جس میں حقیقی آزادی لانگ مارچ کے مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی .
ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال پر چیئرمین عمران خان اور پارٹی پالیسی بہت واضح اور غیر مبہم ہے . پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ ملزمان نامزد کرنا مدعی کا حق ہے، کوئی بھی بنیادی حقوق سے محروم نہیں کرسکتا . شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ چیئرمین عمران خان نے تمام جمہوری قوتوں کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے .
مسرت جمشید چیمہ
دوسری جانب مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آج انشاءاللہ پوری عوامی قوت اور حمایت کے ساتھ کارکن معظم شہید کی جائے شہادت سے مارچ کا آغاز کریں گے . ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی سیکیورٹی کے حوالے سے پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہے ہیں .
مسرت چیمہ نے مزید کہا کہ اہداف ہر صورت حال کیے جائیں گے، چاہے مصیبتوں کے پہاڑ راستے میں کیوں نہ ہوں .
وزیرآباد: حقیقی آزادی مارچ کا دوبارہ آغاز آج سے ہوگا
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کا آج سے دوبارہ آغاز ہونے جارہا ہے . پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جہاں سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے باعث عارضی طور پر ختم کردیا تھا آج سے ایک بار پھر اسی مقام سے حقیقی آزادی کے مارچ کا آغاز کیا جائیگا .
نیا کنٹینر تیار اور سیکیورٹی کی صورتحال:
لانگ مارچ پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد قائدین کیلئے نیا کنٹینر تیار کیا گیا ہے جس ہر بلٹ پروف شیشہ لگانے کے علاوہ دیگر حفاظتی اقدامات بھی کئ جارہے ہیں جبکہ لانگ مارچ کی سکیورٹی کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہو گی .