عمران راستے بند کرکے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان راستے بند کر کے کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ زبانیں بند کرنے والا آج سڑکیں بند کر رہا ہے،عمران خان کی وجہ سے ملک میں فساد، انتشار اور نفرت پھیلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے آج اسکول اور اسپتال کے راستے بند ہیں، راستے بند اور جلاؤ گھیراؤ پر لگنے والا پیسہ عمران خان سیلاب زدگان کی بحالی پر لگا دیتے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اسکول اور اسپتال بند کرانے پر لگنے والا پیسہ پنجاب اور کے پی میں اسکول اور اسپتال پر لگا دیتے، عمران نیازی کا مقصد ملک میں انتشار، فساد، جلاؤ گھیراؤ اور فتنہ پھیلانا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ وہ ڈھیٹ اور فسطائی شخص ہے جس نے سیلاب زدگان کی امداد پر بھی سیاست کی، عمران نیازی نے چار سال تک عوام کی روٹی، بجلی، گیس، دوائی اور روزگار کو بند کیا۔مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران نیازی آج سڑکیں بند کر رہا ہے، چار سال عوام کی دوائی بند کرنے والا آج مریضوں کے راستے بند کر رہا ہے۔