عدالت کا جیکولین فرنینڈس کو گرفتار نہ کرنے پر اظہارِ برہمی

ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو منی لانڈرنگ کے کیس میں اب تک گرفتار نہ کیے جانے پر دہلی کی ایک عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دہلی کی ایک عدالت نے جیکولین فرنینڈس کی ضمانت کی شدید مخالفت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، عدالت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ کو دہلی کی ایک عدالت میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ عدالت نے تفتیشی ایجنسی سے سوال کیا کہ اداکارہ کو اب تک کیوں گرفتار نہیں کیا گیا جبکہ اس کیس سے جُڑے دیگر افراد اس وقت جیل میں ہیں‘۔
جس پر عدالت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ کے اہم دلائل یہ تھے کہ جیکولین فرنینڈس نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی، اُنہوں نے تفتیشی افسران کے ساتھ تعاون نہیں کیا اور پھر اُنہیں سنگین الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ نے کہا کہ ’ہم نے اپنی پوری زندگی میں 50 لاکھ روپے نقد نہیں دیکھے ہیں لیکن جیکولین نے تفریح ​​کے لیے 7.14 کروڑ روپے لوٹ لیے‘۔ آفیسر نے مزید کہا کہ’اداکارہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ہر حربہ آزمایا اور فرار ہونے کی پوری کوشش کی کیونکہ ان کے پاس بہت پیسہ ہے۔
یاد رہے کہ مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والی ایجنسی نے اس سے قبل اداکارہ کو ملک چھوڑنے سے روکنے کے لیے ایئر پورٹ پر ایک الرٹ بھی جاری کیا تھا۔جیکولین فرنینڈس جوکہ اس وقت عبوری ضمانت پر ہیں، ان کی ضمانت کی درخواست پر عدالت کل اپنا فیصلہ سنائے گی۔ واضح رہے کہ اداکارہ پر اپنے مبینہ بوائے فرینڈ اور بھتہ خور سکیش چندرا شیکھر سے مہنگے تحائف وصول کرنے کا الزام ہے۔