سعودی عرب میں کینگرو کو ذبح کر کے مشہور ڈش بنا لی گئی ،حکام نے نوٹس لے لیا

ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں کینگرو کو ذبح کر کے اس کے گوشت سے مشہور سعودی پکوان’ مینڈی‘تیار کر لیا گیا جس پر حکام نے نوٹس لے لیا ہے ۔
سعودی عرب میں سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بڑے پیمانے پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے اس ویڈیو میں ’کینگرو‘ کے گوشت سے بنی روایتی ڈش ’مینڈی‘ دکھائی گئی ہے۔ویڈیو میں دکھایا گیا کہ سعودی عرب میں بہت سے لوگوں نے ایک “کینگرو” کو ذبح کیا اور اسے مینڈی ڈش کی شکل میں پکایا۔کینگرو کو ذبح کیے جانے سے قبل پنجرے مین زندہ حالت میں بھی دکھایا گیا ہے۔ اس موقعے پر ایک شخص کہہ رہا ہے کہ اس کا گوشت بہترین ہے اور چربی سے پاک ہے۔ ویڈیو کے منظرعام پرآنے کے بعد اس پرعوامی حلقوں کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ دوسری طرف حکومت نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی انکوائری شروع کردی ہے۔

سعودی عرب کے محکمہ جنگی حیات نے کینگرو کو ذبح کرنے اور’مینڈی‘ جیسی ڈش تیار کرنے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف ڈویلپمنٹ نے ہفتے کو اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میںکہا گیا ہے کہ کینگرو جیسے جانداروں کی پرورش کی اور خریدو فروخت کے مقصد سے انہیں درآمد کرنے کی اجازت ہے مگر انہیں ذبح کرنے اور گوشت کے طورپر استعمال کرنے کی سخت ممانعت ہے۔سعودی محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ محکمے کے ذمہ داران نے کینگرو کے گوشت سے تیار کی گئی روایتی ڈش کی مبینہ ویڈیو دیکھی ہے جس کے بعد اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے وزارت داخلہ اور دیگر مجاز اداروں کےساتھ رابطہ کیا گیا ہے۔