پی ڈی ایم کٹی ہوئی پتنگ ہے، عدلیہ جانتی ہے کہ ان سے ملک نہیں چل رہا، شیخ رشید

لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کٹی ہوئی پتنگ ہے اور عدلیہ بخوبی جانتی ہے کہ ان سےملک نہیں چل رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ بے اختیار اور فارغ وزراعظم ایمرجنسی میں4 دِن سے لندن بیٹھا ہوا ہے جہاں اہم تعیناتیوں کے حوالے سے استخارہ نکالا جارہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ مفرورنواز شریف پاسپورٹ ملنے اور بھائی کے وزراعظم بننے کے باوجود بھی کلین چٹ کا منتظر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حمودارحمان کمیشن کی رپورٹ مل سکتی ہے لیکن ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں مل سکتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سرمایہ کاری کیا خاک ہوگی کہ جب ملک میں معیشت تباہ ہوچکی ہے، زرمبادلہ کے ذخائرکم ہوتے جارہے ہیں اور نہ گیس ہے نہ پٹرول ہے لیکن اب مولانا فضل الرحمٰن کو مذہبی کارڈ کے لیے آگے کیا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ بخوبی جانتی ہے کہ ان سے ملک نہیں چل رہا ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ آئندہ 20 دن ٹی وی نہیں ٹویٹر پر ہی نظر آؤں گا۔