کیا ٹیلی نار پاکستان فروخت ہونے جا رہا ہے؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ٹیلی نار نے پاکستان سے اپنے آپریشنز فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ناروے کی ٹیلی کام کمپنی اپنے سٹی گروپ کے تعاون سے اس ماہ کے آخر میں کمپنی کو فروخت کرنے کی غرض سے بولی کا آغاز کرے گی۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی نار کے پاکستان آپریشن کی قیمت ایک ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
ٹیلی نار کمپنی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنا کاروبار فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم وہ اپنی مطلوبہ ڈیل اب تک حاصل نہیں کر سکا۔ ٹیلی نار کمپنی کی پی ٹی سی ایل کے ساتھ بھی بات چیت کا سلسلہ جاری رہا لیکن اب تک وہ کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکے۔اب حال میں ہی ٹیلی نار گروپ کے سربراہ نے ایشیائی آپریشنز میں دوبارہ ردوبدل کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
اس سے قبل جولائی 2022 میں ٹیلی نار نے کہا تھا کہ مشکلات کی شکار معیشت میں 244 ملین ڈالر کے اخراجات کے بعد پاکستان میں اپنے اسٹریٹجک یونٹ کا جائزہ لے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں موجود کمپنیاں ٹیلی نار کی خریداری کے لیے بولی کے عمل میں شامل ہوں گی۔
پاکستان میں ٹیلی نار کے ترجمان سعد وڑائچ سے ہم نیوز ڈیجیٹل نے خبر کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے ٹیلی نار کی فروخت سے متعلق کسی بھی قسم کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کر دیا۔