عمران خان نے سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن لے لیا، شیری رحمٰن

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے عمران خان کے سائفر سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹرن خان نے اپنی دوہری سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن لے لیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ مفروضی بیرونی سازش کا ڈھونگ رچا کر پاکستان کو سفارتی نقصان پہنچایا، نقصان پہنچا کر اب کہتے ہیں سائفر کا معاملہ پیچھے رہ گیا، اب الزام نہیں لگاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے جھوٹے بیانیے سے ملک کو جو سفارتی نقصان ہوا اس کا ذمہ دار کون ہے؟ آڈیو لیک میں ظاہر ہو چکا سائفر کے معاملے پر من گھڑت اور جھوٹا بیانیہ بنایا گیا، من گھڑت اور جھوٹا بیانیہ بنا کر اس پر’کھیلنے‘ کی بھی منصوبہ بندی کی۔

 

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ اب کہہ رہے یہ ماضی کا معاملہ ہے، جلسوں میں اسی بیانیہ پر ملکی اداروں کے خلاف الزام لگائے اور نفرت پھیلائی، یہ بیانیے کی دوڑ میں ملک کے مفاد کو بھی پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان اب سائفر کے معاملے سے دستبردار ہونے کی کوشش نہ کریں، یہ 35 پنکچر کا معاملہ نہیں جو بعد میں کہیں گے سیاسی بیان تھا، یہ قومی سلامتی کا معاملہ تھا جس کا عمران خان کو حساب دینا ہوگا، سائفر کے معاملے پر اب یوٹرن قابل قبول نہیں۔