عمران خان کا بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو، شیریں مزاری نے حقائق قوم کے سامنے رکھ دیے

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سینئر نائب صدر شیریں مزاری نے مقامی میڈیا کے ایک حصے کی جانب سے دی فنانشل ٹائمز کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے واضح انٹرویو کو توڑ مروڑ کر اپنی مرضی کا بیانیہ گھڑنے کے معاملے پر حقائق تفصیل سے قوم کے سامنے رکھ دیے ہیں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کچھ میڈیا چینلز اور اخبارات نے جان بوجھ کر عمران خان کے فائننشل ٹائمز کے انٹرویو کی غلط تشریح کی، میڈیا کا یہ اقدام دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت کی سازش ہے۔
‘غلامی پر مبنی تعلقات ہمیں قابلِ قبول نہیں ہیں’
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے رجیم چینج کی سازش سے قطعی طور پر انکار نہیں کیا، عمران خان نے کہا کہ سازش ہوئی اور ڈونلڈ لو نے دھمکی دی مگر اب وقت گزر گیا ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم امریکا سمیت ہر ملک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، مگر غلامی نہیں چاہتے، غلامی پر مبنی تعلقات ہمیں قابلِ قبول نہیں ہیں۔انکا کہنا ہے کہ پچھلی حکومتوں نے غلامی اختیار کی، اسکی وجہ سے پاکستان کو جانی و مالی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، کم از کم انگریزی اخبارات کو عمران خان کی گفتگو کی غلط تشریح نہیں کرنی چاہیے تھی۔
‘عمران خان کی گفتگو کو کوئی اور رنگ دینا سراسر غلط اور پراپیگنڈہ ہے’
شیریں مزاری نے کہا کہ رجیم چینج کی سازش ہوئی تھی اور مقامی سازشیوں نے مل کر کروائی تھی، عوام باشعور ہے، جانتی ہے کہ سازش ہوئی، اب حقیقی آزادی مارچ میں نکل کر خود مختار پاکستان اور فوری صاف اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان 26 سال سے خودمختاری اور برابری کی سطح پر دنیا سے تعلقات کی بات کر رہے ہیں، عمران خان کی گفتگو کو کوئی اور رنگ دینا سراسر غلط اور پراپیگنڈہ ہے۔