وزیر داخلہ کی طبیعت میں بہتری، گھر منتقل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی طبیعت میں بہتری کی پیش نظر انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل وزیر داخلہ کی طبیعت اچانک بگڑنے کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری تھا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی طبیعت میں بہتری کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ آج صبح منسٹر کالو نی اپنے گھر شفٹ ہوئے ہیں تاہم ڈاکٹرز نے فی الحال ملاقاتوں پر پابندی لگا دی ہے۔
واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ بارہ سال سے عارضہ قلب کا شکار ہیں۔خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان 11 نومبر کو ماہر امراض قلب سے معمول کے چیک اپ کیلئے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) میں داخل ہوگئے تھے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کو جمعہ کے روز اے ایف آئی سی راولپنڈی گئے تھے۔ترجمان نے بتایا کہ تھا کہ وزیر داخلہ نے معمول کا چیک اپ کرایا، رانا ثناء اللہ کا راولپنڈی کے اسپتال میں امراض قلب کے ڈاکٹرز نے طبی معائنہ کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا پیغام
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اے ایف آئی سی سے جاری اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں بالکل خیریت سے اور ٹھیک ٹھاک ہوں، چھوٹے موٹے چیک اپ و پروسیجر کیلئے اسپتال آیا تھا، تصویروں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ روبہ صحت ہوں انشاء اللہ ایک آدھ دن میں آپ کے درمیان ہوں گا، اسپتال میں رش کرنے کی ضرورت نہیں، اتوار تک گھر آجاؤں گا۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا تھا کہ میرے دوست اور چاہنے والے آپریشن تھیٹر میں میری تصویر دیکھ کر پریشان ہوئے، کافی عرصہ پہلے میری 2004ء میں ہارٹ سرجری ہوچکی ہے، دو تین سال بعد چیک اپ اور پروسیجر ضروری ہوتا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا کہ رانا ثناء اللہ معمول کے طبی معائنے کیلئے اے ایف آئی سی گئے، وفاقی وزیر داخلہ کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں صداقت نہیں۔