عمران خان کی رہائش گاہ کے سامنے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے خلاف مظاہرہ


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے سامنے پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے سامنے کینال روڈ پر یہ مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے کینال روڈ کو بلاک کردیا جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
کینال روڈ پر تحریک انصاف کے ایم پی اے احمد شاہ کھگہ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ احمد شاہ کھگہ تہرے قتل کے معاملے میں سیاسی مداخلت کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ احمد شاہ کھگہ تہرے قتل کے واقعے میں انصاف میں رکاوٹ ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب انصاف فراہم کریں۔
مظاہرے میں شامل خواتین نے کینال روڈ پر دھرنا دے دیا، پولیس نے کینال روڈ کھلوانے کی کوشش کی، اس دوران پولیس کی مظاہرین کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی۔