سیٹ بیلٹ باندھ لیں، احتساب اور انتخاب دونوں ہونگے، شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیٹ بیلٹ باندھ لیں، احتساب اور انتخاب دونوں ہونگے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 6 ماہ اسمبلی کا کورم پورا نہیں ہوا اپنی ذات کے لیے نیب ترامیم کیسے پاس کرا لیں۔


سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ارشد شریف کے جسم پر 12 زخم اور 4 ناخن غائب یہ قومی المیہ ہے۔
‘معیشت ناک آوٹ اور دیوالیہ ہونے والی ہے’
شیخ رشید نے کہا کہ قوم پہلے ہی مہنگائی سے مررہی ہے، جو ہزاروں کی نفری باہر سے منگوائی وہ سردی سے مررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت ناک آوٹ اور دیوالیہ ہونے والی ہے، مزید ایک کروڑ لوگ غربت کے شکنجے میں آگئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف نے گریبان سے پکڑ لیا ہے۔ حکمرانوں نے سعودی عرب اور چین کا نام بے جا استعمال کیا، روس سے تیل منگوانے کے لیے حوصلہ چاہیے۔
‘مزید 15 دن ٹوئٹر پر ہوں’
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکمران راولپنڈی کو آنکھیں دکھانے کے قابل نہیں ہیں، مسئلہ پنڈی کا ہے، پنڈی والے 30نومبر تک حل کرلیں گے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ سیٹ بیلٹ باندھ لیں، احتساب اور انتخاب دونوں ہونگے، مزید 15 دن ٹوئٹر پر ہوں۔
شیخ رشید احمد کا ویڈیو بیان
دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اپنے ویڈیو بیان کہا کہ عمران خان کے حقیقی لانگ مارچ کا ہم کمیٹی چوک میں استقبال کرینگے۔


جمعہ کے دن اٹھارہ نومبر کو دو بجے انتظامات کو آخری شکل دینے کیلئے فوکل پرسنز کی ہنگامی میٹنگ رکھی ہے، ہم لال حویلی کو ہی حقیقی لانگ مارچ کا ایک ہنگامی کیمپ آفس بنائیں گے۔
‘عمران خان کا کمیٹی چوک میں ایک تاریخی استقبال ہوگا’
کمیٹی چوک میں انشاء اللہ وہ جو بھی تاریخ دینگے اس کے انتظامات کو آخری شکل دینگے، امید ہے وہ آج فیصلہ کر دینگے۔عمران خان کا کمیٹی چوک میں ایک تاریخی استقبال ہوگا، جمعے کے دن دو بجے لال حویلی میں انتظامات کو آخری شکل دی جائے گی۔
تمام اہلیان راولپنڈی سے کمیٹی چوک یا جہاں وہ مناسب سمجھیں شرکت کی اپیل کی جاتی ہے، تاکہ حقیقی آزادی مارچ کامیابی سے ہمکنار ہو اور قوم کو اضطراب اور انارکی سے نجات مل سکے۔