دعا بھٹو نے حلیم عادل شیخ سے خلع کی درخواست واپس لے لی عدالت نے دعا بھٹو کا خلع کا دعوی واپس لینے پر خارج کردیا
کراچی (قدرت روزنامہ) رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے اپنے شوہر اور تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف دائر خلع کادعوی واپس لے لیا۔ تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے 25 اکتوبر کو کراچی کی ماتحت عدالت میں اپنے شوہر اور تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ سے خلع کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ دعا بھٹو نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے شوہر سے نجی مسائل کی وجہ سے تعلقات خراب ہیں، اب وہ مزید اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں۔
گزشتہ روز فیملی عدالت نے حلیم عادل شیخ کو 29 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیئے تھے تاہم منگل (15 نومبر) کو دعا بھٹو نے خلع کی درخواست واپس لے لی۔ خاتون رکن اسمبلی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنی رہائش ضلع ملیر سے اولڈ کراچی منتقل کردی ہے، اس لئے وہ درکواست واپس لینا چاہتی ہیں۔ عدالت نے دعا بھٹو کا خلع کا دعوی واپس لینے پر خارج کردیا۔ دعا بھٹو اور حلیم عادل شیخ نے 2018 کے عام انتخابات کے فوری بعد شادی کی تھی، اس شادی کو 3 سال تک خفیہ رکھا گیا تاہم ستمبر 2021 میں اس شادی کا اعتراف کیا گیا تھا۔