پاکستان ریلوے کا مسافر ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور پردہ سسٹم بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ وزارت ریلوے نے مسافر ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ سال تک مسافر ٹرینوں میں کیمرے نصب کر دیے جائیں گے۔
پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرینوں کے ہر ڈبے کے دروازے اور چھت پر کيمرے لگائے جائیں گے، کیمروں کی مدد سے سفر کے دوران جرائم کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔
ادارے نے کہا کہ وزیر ریلوے نے آئندہ ماہ گرین لائن ٹرین بحال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، ٹرینوں میں پردہ سسٹم کی بحالی کيلئے کھڑکیوں پر پردے لگانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔پاکستان ریلوے نے مزید کہا کہ چین سے تیز رفتار اور جدید مسافر بوگیاں جلد پاکستان پہنچ رہی ہیں۔