لاہور (قدرت روزنامہ)چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ سازشی بیانیے سے پیچھے ہٹنے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ سائفر موجود ہے . دوبارہ میری جان لینے کی کوشش کی جائے گی .
سابق وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ پر حملہ ہوا،میری دائیں ٹانگ سے 3گولیاں نکالی گئیں . میں اپنی ٹانگ پر زورنہیں ڈال سکتا،اسے ٹھیک ہونے میں میں 4 ہفتے لگیں گے . ایک گولی نے میری ٹانگ کی ہڈی کریک کی جو میرے لیے پریشان کن ہے .
ان کا کہنا ہے کہ ہمارا ایک بہترین تحقیقاتی صحافی جو میری رائے کو بڑھا رہا تھا اسے دھمکایا گیا . صحافی نے پاکستان چھوڑ دیا اور پھر ان کوکینیا میں قتل کردیا گیا . انہوں نے کہا ہے کہ مجھے راستے سے ہٹانے کے خواہشمندوں کےلیے خطرہ توابھی بھی موجود ہے . بدقسمتی سے میں سمجھتا ہوں دوبارہ میری جان لینے کی کوشش کی جائے گی . مجھے اس لیے راستے ہٹانا چاہتاہے ہیں کیونکہ میری جماعت مقبول ہے .
چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے ضمنی الیکشن میں 75 فیصد کامیابی حاصل کی . ہم اس کے باوجود جیتے جبکہ باقی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی حاصل تھی . ہم نے شاندار کامیابی حاصل کی اور ہماری مقبولیت میں اضافہ ہوا . بنیادی طور پر عوام ان مجرموں سے نجات چاہتی ہے .
ان کا کہنا ہے کہ کابینہ کے 61 فیصد ممبران پر کرپشن کیس ہیں . ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے . یہ سمجھتے میں ان کے راستے کی رکاوٹ ہوں لہذا مجھے ہٹایا جائے . اس لیے میرے نزدیک میری جان کو ابھی بھی خطرہ ہے . انہوں نے سائفر ے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائفر ایک خفیہ دستاویز ہے جو موجود ہے . امریکا میں ہمارے سفیر اور ڈونلڈ لو کے درمیان گفتگو پر مبنی سائفر تھا . ڈونلڈ لو سفیر کو کہہ رہاہے عمران خان کو تحریک عدم اعتماد سے ہٹایا نہ تو خمیازہ بھگتنا پڑے گا .
انہوں نے کہا ہے کہ میں سازش کے بیانیے سے پیچھے نہیں ہٹا کیونکہ سائفر موجود ہے . سائفر کابینہ اور نیشنل سیکیورٹی کو نسل کمیٹی کے سامنے رکھا . سائفر چیف جسٹس کے پاس ہے جس پر ہم آزادانہ انکوائری چاہتے ہیں . سازش بیانیے سے پیچھے ہٹنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا،سوال یہ ہے کہ آگے کیسے بڑھا جائے .
ان کا کہنا ہے کہ میری حکومت کو امریکی سازش کے ذریعے ہٹایا گیا . لیکن میں نے اصل میں کہا تھا کہ یہ سب پیچھے رہ گیا . مجھے اپنے عوام کے مفاد کے راستے میں حائل نہیں ہونا چاہیے . پاکستان کے عوام کا مفاد یہ ہے کہ تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہوں . امریکا سے اچھے تعلقات ہوں کیونکہ وہ سپرپاور ہے .