پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحیک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ کے 21 نومبر کو پنڈی پہنچنے کے امکانات ہیں تاہم مارچ میں شریک عوام کے انتظامات کے لیے پارٹی کی جانب سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ رات ہونے والے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
اجلاس میں حقیقی آزادی مارچ کے راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ پر مشاورت کی گئی ہے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان چئیرمن تحریک انصاف عمران خان خود کریں گے۔اجلاس میں حقیقی آزادی مارچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے مذید اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ وفاقی حکومت کے پی ٹی آئی لیڈر شپ کے خلاف کاروائیوں پر جوابی حکمتِ عملی بھی زیر غور آئی۔
علاوہ ازیں اجلاس کے دوران عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس اوردیگر زیر سماعت کیسسز پر قانونی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
حقیقی آزادی مارچ کے پنڈی پہنچنے کی ممکنہ تاریخ 21 نومبر ہوسکتی ہے تاہم مارچ کے شرکاء کے لئے ٹرانسپورٹ، کھانے پینے، قیام سمیت دیگر انتظامات کی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جبکہ راولپنڈی میں 15 سے 20 لاکھ افراد لانے کا ٹاسک بھی پارٹی رہنماؤں کو سونپ دیا گیا ہے۔