سخت محنت کریں یا گھر جائیں، ایلون مسک کی وارننگ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ملازمین کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ وہ سخت محنت کریں یا نوکری چھوڑ کر گھر چلے جائیں۔ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد کمپنی کےملازمین کو آئے دن مشکلات کا سامنا ہے۔ملازمین کے کام کرنے کے اوقات کار میں اضافے اور گھر سے کام کرنے کی سہولت کومحدود کرنے کے بعد ایلون مسک نے ملازمین کو نئی وارننگ دے دی۔
ایلون مسک کی جانب سے ملازمین کو کی گئی ایک ای میل میں ملازمین کو جمعرات تک کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ” سخت محنت” سے کام کرنے کا عہد کریں ورنہ کمپنی چھوڑ دیں۔ای میل میں کہا کہ اگر ملازمین کمپنی میں رہنا چاہتے ہیں تو مثالی کارکردگی سے ہی ایسا ممکن ہوسکے گا۔ ٹوئٹر کی کامیابی کے لیے ہمیں بہت زیادہ سخت محنت کرنا ہوگی۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر میں کام کرنے کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ نئے ٹوئٹر کا حصہ بننا چاہتے ہیں، تو نیچے دیے گئے لنک پر ہاں پر کلک کریں۔
عالمی میڈیا کے مطابق جو ملازم اس حوالے سے نئے معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا اسے 3 ماہ کی تنخواہ دے کر برطرف کردیا جائےگا۔ واضح رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے پہلے ہی ٹوئٹر کے 50 فیصد ملازمین کو فارغ کیا جاچکا ہے۔