نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی موسم سرما کے دوران سیاحتی مقامات پرسیاحوں کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے موسم سرما کے دوران سیاحتی مقامات پرسیاحوں کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دیں.نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے موسم سرما کے دوران ملک کے سیاحتی مقامات پرسیاحوں کی بڑی تعداد میں آمدورفت کے پیش نظرضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں، اداروں و دیگر شراکت داروں کو سیاحوں کی رہنمائی اور سہولت کےلئے پیشگی اطلاعات و احتیاطی اقدامات کے متعلق رہنما اصول وضع کئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں سیاحوں سے کہاگیا ہےکہ وہ سیاحتی مقامات کے سفر کی منصوبہ بندی سے قبل موسمی صورتحال کے بارے میں درست معلومات حاصل کرنے کےلئے محکمہ موسمیات پاکستان اور این ڈی ایم اے کی ویب سائٹس ضرورملاحظہ کریں ۔
اس کے علاوہ روانگی سے قبل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے راستوں کی صورتحال کے بارے میں آگاہی حاصل کریں، اپنے ساتھ سفری ضروریات کی بنیادی اشیا بشمول پینے کا صاف پانی اور کھانے کی خشک اشیا ، ضروری ادویات اورگاڑیوں کے ٹائر چین اوردیگرضرورت آلات کو ساتھ رکھیں۔ سردی سے بچنے کےلئے گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات پررہائش کے پیشگی بندوبست کو بھی یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور ہوٹل انتظامیہ کے لئے بھی ہدایات جاری کی ہیں جن میں متعلقہ علاقوں میں مناسب مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا نظام وضع کرنے پر زور دیا گیا ہے اورکہا گیا ہے کہ نا گہانی موسمی صورتحال کے خطرے سے دوچار علاقوں کی آبادیوں کو پیشگی خبردارکرنے اور بروقت اطلاعات کی فراہمی کا انتظام کیا جائے۔
اسی طرح متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کرکسی بھی متوقع صورتحال کے پیش نظر ضروری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں کی ضروریات کے مطابق طبی وسائل ، عملہ ، آلات اورادویات کا انتظام بروقت کیا جائے ، برف باری میں راستوں کو صاف رکھنے اورفوری ضرورت کی غذائی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کی سہولت کےلئے قائم مراکزکو فعال بنانے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے کے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ برف باری کے موسم میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمدکے پیش نظرشاہراہوں کوکھلا رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے کےلئے منیجمنٹ پلان وضع کئے جائیں۔
اسی طرح سیاحوں اور مقامی باشندو ں کی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد کےلئے ہوٹل اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ رابطے رکھے جائیں۔سیاحوں اور مسافروں کوغیرمتوقع صورتحال سے خبرداررکھنے اور ایسی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کےلئے رہنمائی فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے۔