الیکشن کمیشن کو کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کا حکم


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔عدالتِ عالیہ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔
عدالتِ عالیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو حکم دیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے۔سندھ ہائی کورٹ نے حکم میں کہا ہے کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو نفری فراہم کرے۔سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے 14 نومبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تحریکِ انصاف اور جماعتِ اسلامی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی استدعا کی گئی تھی۔ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن سے قبل قانون سازی، حلقہ بندیاں اور ووٹر لسٹوں کی درستی کی استدعا کی گئی تھی۔
دوسری جانب 15 نومبر کو الیکشن کمیشن بھی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر چکا ہے۔الیکشن کمیشن محفوظ کیا گیا فیصلہ منگل 22 نومبر کو سنائے گا۔