کراچی (قدرت روزنامہ)وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے اسٹیٹ بینک سرکل نے کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں واقع بولٹن مارکیٹ میں غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرنے والے متعدد دفاتر پر چھاپے مار کر کئی افراد کو حراست میں لیا ہے . ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق کارروائی کھارادر کی بولٹن مارکیٹ میں واقع روبی سینٹر اور نیو روبی سینٹر میں کی گئی .
سی بی سی کے عملے نے حوالہ اور ہنڈی کی خفیہ اطلاع پر 3 دکانوں میں قائم دفاتر کی تلاشی لی جس کے دوران لیپ ٹاپ، کاروباری رسیدیں اور دستاویزات ضبط کر لیں . اہلکار جاتے ہوئے دکانوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے . چھاپوں کے دوران تینوں دفاتر سے 10 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا .
زیرِ حراست افراد کو ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل منتقل کر دیا گیا ہے . بولٹن مارکیٹ میں کرنسی اور پرائز بانڈ کا کام کرنے والوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے . دوبارہ چھاپوں اور کارروائی کے خوف سے بیشتر دکانداروں نے کاروبار بند کر دیا ہے .