رشتے دار کی رقم ہڑپ کرنے کیلیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والا گرفتار

کراچی(قدرت روزنامہ) ڈاکس پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا معمہ حل کرتے ہوئے رشتے دار کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والے کو گرفتار کرلیا۔ملزم نے پولیس کو ڈکیتی کی جھوٹی واردات کی اطلاع دے کر 5 لاکھ روپے خوردبرد کرلیے تھے جسے پولیس نے برآمد کرلیے۔
ایس ایچ او ڈاکس پرویز سولنگی نے بتایا کہ محمد جاوید نامی شخص نے تھانے میں درخواست دی تھی کہ وہ فشری کے قریب بینک سے نقدی نکلوا کر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو مجھ سے 5 لاکھ 15 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔
پرویز سولنگی نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں اور لوگوں کے بیانات لیے تو واقعہ مشکوک لگا جس پر پولیس نے درخواست گزار سے تفتیش کی تو وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکا اور اس نے خود ساختہ ڈکیتی کی واردات کا اعتراف کرلیا جبکہ پولیس نے نقدی بھی برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم جاوید سے اس کے رشتے دار جو کہ مچھلیوں کا بیوپاری ہے اس نے بینک سے رقم نکلوا کر دوسرے بینک میں جمع کروانے کے لیے چیک دیا تھا اور اس دوران ملزم کے دل میں لالچ آگئی اور اس نے رقم خوردبرد کر کے ڈکیتی کی ڈرامہ رچایا جسے پولیس نے ناکام بنا دیا۔