اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران ضروری استعمال کی 23 چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 15 کی قیمتیں مستحکم رہیں . ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.26 فیصد اضافہ ہوا، یوں مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 28.67 فیصد ریکارڈ ہوئی .
حالیہ ہفتے نمک 7.61 فیصد، چائے 5.90 فیصد مہنگی ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 4.89 فیصد اضافہ ہوا . پیاز کی فی کلو قیمت میں 4.61 فیصد اضافہ ہوا، انڈے کی فی درجن قیمت 3.66 فیصد بڑھی . فی کلو ٹماٹر کی قیمت میں 2.41 فیصد کا اضافہ ہوا، آگ جلانے والی لکڑی کی فی من قیمت 6.32 فیصد بڑھ گئی .
رواں ہفتے آلو کی قیمت میں 6 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی، دال مسور 1.56 اور دال چنا کی فی کلو قیمت میں 1.46 فیصد کمی آئی . دال ماش 0.68 اور دال مونگ 0.62 فیصد فی کلو سستی ہوئی، فی کلو گھی کی قیمت میں 1.08 فیصد کمی ہوئی . لہسن کی فی کلو قیمت میں 0.26 فیصد کمی ہوئی، ایل پی جی کی قیمت میں 0.22 فیصد کمی ہوئی جبکہ آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی .