پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی مارچ، حکومتی حلقوں میں بے چینی بڑھنے لگی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حقیقی آزادی مارچ کی وجہ سے حکومتی حلقوں میں بے چینی بڑھنے لگی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی اہم وزراء سے غیر رسمی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے فضل الرحمان اور آصف علی زرداری سے ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اہم تعیناتی سے متعلق آئندہ 48 گھنٹوں میں پیشرفت کا امکان ہے جبکہ وزیراعظم نے وزراء کو اتحادیوں سے رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
وزیر خزانہ کی آصف علی زرداری سے ملاقات
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال اور اہم تقرری و باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار وفد کے ہمراہ زرداری ہاؤس پہنچے جہاں ان کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سابق صدر آصف علی زرداری کو نوازشریف کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔