کراچی میں بلدیاتی انتخابات تک ترقیاتی کام روکے جائیں، حافظ نعیم الرحمان

کراچی (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات تک ترقیاتی کام روکے جائیں، کراچی میں اب ترقیاتی کام منتخب میئر کرائے گا۔حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم، پیپلزپارٹی کو بلدیاتی الیکشن میں شکست نظر آرہی ہے، ترقیاتی کاموں کے نام پر کرپشن کی جارہی ہے، دونوں جماعتیں الیکشن سے قبل فنڈز کھانا چاہتی ہیں۔
‘الیکشن سے قبل ناجائز ایڈمنسٹریٹر کی تقرری منسوخ کی جائے’
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ آج فیصلہ دے چکی ہے،22 نومبر کو الیکشن کمیشن فیصلہ دے گا، الیکشن کمیشن 22 نومبر کو حتمی تاریخ دے۔نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن سے قبل ناجائز ایڈمنسٹریٹر کی تقرری منسوخ کی جائے، سیاسی ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے فوائد حاصل کیے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن میں غلط رپورٹ پیش کی، سندھ حکومت چاہتی ہے الیکشن 3ماہ کیلئے ملتوی ہوں۔انکا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئی نفری کسی کو نظرنہیں آرہی، سندھ حکومت پولیس نفری کے معاملے پرجھوٹ بول رہی ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں سندھ پولیس کی نفری کہیں نظرنہیں آئی۔
‘مردم شماری پر ن لیگ اور پی پی فراڈ کررہی ہیں’
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حلقہ بندیوں، مردم شماری پر ہمیں بھی تحفظات ہیں، تحفظات کے باوجود چاہتے ہیں بلدیاتی انتخابات ہوں، سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو کم دکھایا گیا، مردم شماری پر ن لیگ، پی پی فراڈ کررہی ہیں، ن لیگ، پیپلزپارٹی کے دھوکے میں ایم کیو ایم بھی شامل ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر ایم کیو ایم نے آواز نہیں اٹھائی، حلقہ بندیوں کے معاملے پر ہم نے ہرفورم سے رجوع کیا۔نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ایم کیوایم انتخابات میں تاخیر پر سندھ حکومت کا ساتھ دے رہی ہے، الیکشن کمیشن بھی سندھ حکومت کو سہولت فراہم کررہا ہے۔