نواز شریف وہ آرمی چیف لگانا چاہتا ہے جو مجھے نااہل کرے، عمران خان

لاہور(قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت فوج کو بھی پنجاب پولیس کے برابر لانا چاہتی ہے، آرمی ایکٹ میں ہونے والی مجوزہ ترمیم اعلی عدلیہ میں چیلنج ہوجائے گی۔سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت آرمی ایکٹ میں ترمیم اپنے فائدے کے لیے کررہی ہے، آرمی ایکٹ میں ترمیم کرکے یہ مسلح افواج کو پنجاب پولیس کے برابر لانا چاہتی ہے، آرمی ایکٹ میں ہونے والی مجوزہ ترمیم اعلی عدلیہ میں چیلنج ہوجائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف وہ آرمی چیف لگانا چاہتا ہے جو مجھے نااہل کرے، مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرح ہونی چاہیے، نواز شریف کے کیسز ختم کریں اور پھر اسے اقتدار میں لائیں۔اپنی صحت پر انہوں نے کہا کہ میرے معالجین کل میرا معائنہ کرکے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے جس کے بعد راولپنڈی سے لانگ مارچ کی قیادت خود کروں گا۔
انہوں نے ارشد شریف قتل کیس پر کہا کہ ارشد شریف کے معاملے پر ہونے والا ظلم سب کے سامنے ہے، توشہ خانہ کیس میں انھوں نے مجھے خود عدالت میں جانے کا موقع دیا، میں برطانیہ اور امریکا کی عدالتوں میں نجی ٹی وی کے خلاف مقدمہ دائر کروں گا۔عمران خان نے کہا کہ نیب کو میں نہیں کچھ طاقت ور ادارے کنٹرول کرتے رہے، ڈی جی آئی ایس آئی کا کام ہی نہیں تھا کہ وہ اقتصادیات پر وزیراعظم کو لیکچر دیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل باجوہ سے میری لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، صدر مملکت عارف علو ی کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کا ایجنڈا جلد شفاف انتخابات تھا۔اپنے اوپر قاتلانہ حملے پر عمران خان نے کہا کہ وزیر آباد مرکزی ملزم کو چودہ دن بعد عدالت پیش کیا گیا، مجھے خدشہ ہے کہ ان چودہ روز میں شواہد ضائع نہ ہوجائیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ق لیگ ہمارے اتحادی ہیں اور پرویز الہی کے ساتھ بہترین اتحاد چل رہا ہے، مقدمے کے اندراج میں سب سے بڑی رکاوٹ سابق آئی جی پنجاب تھے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے انتخابات میں ای وی ایم مشین سے دھاندلی رکوانے کی بھر پور کوشش کی جب کہ ای وی ایم کے معاملے پر نواز زرداری الیکشن کمیشن اور ہینڈلز ایک پیج پر تھے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مکمل اختیارات ملیں گے تو وزیراعظم بنوں گا یہ نہیں ہوسکتا کہ اختیارات کسی کے پاس ہوں اور ذمہ داری کسی اور کے پاس، کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔
مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب
بعد ازاں گوجر خان میں مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج میں ایک باشعور قوم دیکھ رہا ہوں۔ قوم سمجھ گئی ہے حقیقی آزادی مارچ کا مقصد کیا ہے۔ قوم کے فیصلے ملک کے اندر ہوتے ہیں۔ سستا تیل خریدنے سے ملک میں مہنگائی کم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ جہاں انصاف ہو وہاں لوگ آزاد ہو جاتے ہیں۔ آزاد قومیں اپنے لوگوں کے لیے فیصلے کرتی ہیں۔ پاکستانی بہت مشکلیں کاٹنے کے بعد یہاں سے باہر چلے جاتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کوپتا ہے محنت کریں گے تو اس کاپھل ملے گا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنے ملک کے نظام پر بھروسا نہیں ہے
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک کا مقصد ملک میں انصاف کی فراہمی ہے۔ بیرون ممالک میں لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ حقیقی زادی مارچ کا مقصد انصاف دے کر لوگوں کو خوشحال کرنا ہے۔ جب تک غریب اور امیر کے لیے قانون ایک نہیں بنتا لوگ خوشحال نہیں ہوں گے۔ ملک میں انصاف ہوتا ہے تو خوشحالی ہوتی ہے۔
حقیقی آزادی مہم الیکشن کے بعد بھی چلتی رہے گی
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج سابق وزیراعظم طاقت ور لوگوں کے خلاف ایف آئی آر نہیں کٹوا سکتا۔ میرے ساتھ یہ ہو رہا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔ کیوں تھانہ کلچر اتنا اہم ہوگیا، اپنی مرضی کا ایس ایچ او لگوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد بھی حقیقی آزادی مہم چلتی رہے گی۔
سینیٹراعظم سواتی کے ساتھ کیا ہوا سب کے سامنے ہے۔ ارشد شریف دھمکیوں کے باوجود راہِ حق پر کھڑا رہا۔ ارشد شریف نے اپنی جان کی قربانی دی۔ ظلم و ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونا جہاد کہلاتا ہے۔
روس سے انڈیا سستا تیل خرید سکتا ہے تو ہمیں بھی خریدنا چاہیے
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر روس سے انڈیا سستا تیل خرید سکتا ہے تو ہمیں بھی خریدنا چاہیے۔ فیصلے سپر پاور کو نہیں ملک کے نمائندوں کو کرنے چاہییں۔ ان کو یہ خوف ہے سپر پاور ناراض ہو جائے گا۔ عمران خان جیل سے نہیں ڈرتا انصاف ہوگا تو رشوت نہیں مانگی جائے گی۔ ملک کے فیصلے مجرم کررہے ہیں نواز شریف نے ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹبر سارا باہر بیٹھ جائے اور وہاں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے کرے۔ میں نےکبھی جیلوں میں طاقتور لوگوں کو نہیں دیکھا۔ جو اربوں کاڈاکا مارتے ہیں وہ ملک کے فیصلے کررہے ہیں۔ ملک کو اس دلدل سے نکلنے کے لیے الیکشن کے سوا کوئی اورراستہ نہیں ہے۔ ملکی مسائل کا واحد حل شفاف الیکشن ہیں۔
نواز شریف کو نیوٹرل امپائر کے ساتھ کھیلنے کی عادت ہی نہیں
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف الیکشن کا فیصلہ اس لیے نہیں کررہا کہ وہ ہار جائے گا۔ جس کا جینا مرنا پاکستان میں نہیں اسے ملک کے فیصلے کرنے کا اختیار ہے؟۔ کیا ایسے شخص کو آرمی چیف تعیناتی کے فیصلے کا اختیار ہونا چاہیے؟ ۔نواز شریف ایسا آرمی چیف چاہتا ہے جو عمران خان کو نااہل کرے۔ نواز شریف کو نیوٹرل امپائر کے ساتھ کھیلنے کی عادت ہی نہیں۔ پاکستان تیزی سے تنزلی کا شکار ہے۔