معروف اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی انتقال کرگئے
لاہور (قدرت روزنامہ)معروف اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی لاہور میں انتقال کرگئے۔طارق ٹیڈی کافی عرصے سے علیل تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔طارق ٹیڈی کو سانس اور جگر کا عارضہ لاحق تھا۔
چند روز قبل ہی وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اداکار طارق ٹیڈی کا مفت علاج کرانے کا اعلان کیا تھا۔ڈاکٹرز کے مطابق جگر کا انفیکشن بڑھنے سے اداکار کی طبیعت بگڑ گئی تھی، ان کے ستر فیصد جگر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے طارق ٹیڈی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے اسٹیج ڈراموں اور پنجابی فلموں میں شاندار کردار ادا کیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ طارق ٹیڈی نے اپنے مزاح اور فن سے عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔