ایک تعیناتی سب پر بھاری، غلط فیصلہ انتشاربرپا کر سکتا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایک تعیناتی سب پر بھاری ہو گئی ہے۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ آئندہ 10 روز قوم اور ملک کے مقدر کا فیصلہ کریں گے، صحیح فیصلہ ملک کو صحیح سمت میں لے جائے گا اور غلط فیصلہ انتشار برپا کر سکتا ہے۔
شیخ رشید نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ تباہ حال معیشت مزید سنگین ہو سکتی ہے، ہر حکومت شوگر ملز مالکان مافیا کے زیر اثر ہوتی ہے، زیادہ شوگر ملیں سیاست دانوں کی ہیں جو وزراتوں میں بھی ہوتے ہیں جس کی سزا عوام اورکسان بھگتتے ہیں۔


سابق وفاقی وزیر نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک تعیناتی سب پر بھاری ہے، موجودہ حکومت نے صرف اپنے کیسز ختم کروائے ہیں جو وقت آنے پر دوبارہ بحال ہو جائیں گے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی 30 فیصد بڑھ گئی ہے، لوگ بجلی اور گیس کے بل دے نہیں سکتے، خود ریلیف اور لوگوں کو تکلیف دی، 7 ماہ کی 77 وزراء کی حکومت نہ عوام میں جا سکتی ہے نہ مسائل حل کر سکتی ہے۔