آرمی چیف کا مختلف میڈیکل کور کی تنصیبات کا الوداعی دورہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختلف میڈیکل کور کی تنصیبات کا الوداعی دورہ کیا، سرجن جنرل آف پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو بین الاقوامی طریقوں کے مطابق طبی دیکھ بھال کی منصوبہ بندی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ بھی کیا، آرمی چیف کو کمانڈنٹ سی ایم ایچ نے جدید ترین صحت کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔آرمی چیف کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مریضوں کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کیے گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو لائیو سرجری کے عمل کی تربیت فراہم کرنے کے لیے نیا قائم کیا گیا کنٹرول روم بھی دکھایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کی کوششوں کو سراہا، آرمی چیف نے مریضوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال اور جدید ترین بحالی کی خدمات فراہمی کے لیے میڈیکل کور کی تعریف بھی کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسلح افواج کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ کے نئے ٹریننگ بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے نئے گیسٹ رومز، ہیلپ سینٹر، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈ شدہ سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔آرمی چیف نے ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی ڈیوٹی اور کام کو سراہا۔
سی ایم ایچ آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوجی جوانوں، ان کے اہلخانہ کے لیے معیاری صحت کی فراہمی بنیادی خصوصیت ہے۔