جسٹس فائز عیسیٰ کے ازخود نوٹس پر عملدرآمد روک دیا گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس جمال خان مندو خیل پر مشتمل دو رکنی بنچ کے فیصلے کو معطل کیے بغیر اس پر عملدرآمد روک دیا۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے اس بنچ کی جانب سے لیے گئے ازخود نوٹس کا جائزہ لیتے ہوئے اہم سوال اٹھا دیا کہ ازخودنوٹس کا اختیار کس انداز میں استعمال ہوسکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، وائس چیئرمین پاکستان بار اور معاونت کیلئے صدر سپریم کورٹ بار کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس جمال خان مندو خیل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے جمعے کو صحافیوں پر مبینہ حملوں اور مقدمات کے خلاف درخواست پر از خود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ صرف اس نکتے کا جائزہ لیں گے کہ کیا ازخودنوٹس اس انداز میں ہو سکتا ہے اور صحافیوں کے مسائل کا اس کارروائی میں جائزہ نہیں لینگے۔ درحقیقت بنچ زیرالتوا مقدمہ میں کسی نقطے پر ازخود نوٹس لے سکتا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں کوئی مقدمہ زیر التواء نہیں تھا، بنچز عمومی طور پر چیف جسٹس کو ازخودنوٹس کی سفارش کرتے ہیں۔

دوسری جانب بنچ تشکیل دینا چیف جسٹس کا اختیار ہے، لیکن دو رکنی بنچ نے براہ راست درخواست وصول کرکے نوٹس لیا اور 26 اگست کو سماعت مقرر کرنے کا حکم دیا، حالانکہ موجودہ ہفتے میں حکم دینے والا بنچ دستیاب ہی نہیں، اگر خصوصی بنچ تشکیل دینا ہو تو چیف جسٹس دیتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ صحافیوں کی درخواست پر شفاف انداز میں کارروائی چاہتے ہیں، ایسی کارروائی نہیں چاہتے جو کسی فریق کیلئے سرپرائز ہو، عدالت سوموٹو اور مکمل انصاف کا اختیار سسٹم کے تحت استعمال کرتی ہے، جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیے کہ صحافیوں کا کیس حساس ہے خوشی ہوئی کہ انہوں نے رجوع کیا، اس بات پر افسوس ہے کہ صحافیوں نے عدلیہ پر بطور ادارہ بھروسہ نہیں کیا۔

رجسٹرار آفس نے قائم مقام چیف جسٹس کو معاملے سے تحریری طور پر آگاہ کیا کرتے ہوئے کہا جو انداز اختیار ہوا وہ عدالتی طریقہ کار کے مطابق نہیں۔ ماضی میں بھی کچھ مقدمات پر معمول سے ہٹ کر ازخودنوٹس ہوئے، دو رکنی بنچ نے وفاقی اداروں اور سرکاری وکلاء کو نوٹس جاری کئے تھے۔ عدالت نے سماعت 25 اگست تک ملتوی کر دی۔