آرمی چیف کیلئے 5 نام بھیج دیے گئے،نئے آرمی چیف کے تقرر کا عمل شروع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نئے آرمی چیف کے تقرر کا عمل آج سے شروع ہو گیا، آرمی چیف کیلئے 5 نام بھیج دیے گئے۔ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر وزارتِ دفاع کی سمری وزیرِ اعظم آفس میں وصول کر لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق 5 سینیئر لیفٹیننٹ جنرلز کے نام سمری میں بھیجے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے اجلاس بھی جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ ، وزیرِ قانون سردار ایاز صادق شریک ہیں۔دوسری جانب اس ضمن میں حکومت، اتحادیوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بات چیت مکمل ہو چکی ہے۔
حکومت کو امید ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی اس عمل میں رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے۔تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ انہیں کسی کے آرمی چیف بننے پر کوئی اعتراض نہیں اور اس سلسلے میں ان کی کوئی چوائس نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نئے آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے۔وفاقی وزیر خواجہ آصف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر کا عمل پیر سے شروع ہو کر منگل، بدھ تک مکمل ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل 27 نومبر کو نئے آرمی چیف کا اعلان کر دیا جائے گا۔