آرمی چیف کیلئے 5 نام بھیج دیے گئے،نئے آرمی چیف کے تقرر کا عمل شروع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نئے آرمی چیف کے تقرر کا عمل آج سے شروع ہو گیا، آرمی چیف کیلئے 5 نام بھیج دیے گئے . ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر وزارتِ دفاع کی سمری وزیرِ اعظم آفس میں وصول کر لی گئی ہے .

ذرائع کے مطابق 5 سینیئر لیفٹیننٹ جنرلز کے نام سمری میں بھیجے گئے ہیں .
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے اجلاس بھی جاری ہے . ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ ، وزیرِ قانون سردار ایاز صادق شریک ہیں . دوسری جانب اس ضمن میں حکومت، اتحادیوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بات چیت مکمل ہو چکی ہے .
حکومت کو امید ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی اس عمل میں رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے . تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ انہیں کسی کے آرمی چیف بننے پر کوئی اعتراض نہیں اور اس سلسلے میں ان کی کوئی چوائس نہیں ہے .
پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نئے آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے . وفاقی وزیر خواجہ آصف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر کا عمل پیر سے شروع ہو کر منگل، بدھ تک مکمل ہو جائے گا .
ذرائع کے مطابق موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائر ہوجائیں گے . ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل 27 نومبر کو نئے آرمی چیف کا اعلان کر دیا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں