فرح گوگی کو دبئی سے لا کر شاملِ تفتیش کیا جائے: عطاء تارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی عطاء اللّٰہ تارڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ فرح گوگی کو دبئی سے لا کر شاملِ تفتیش کیا جائے . گوجرانوالہ کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ عمران نیازی کو 33 کروڑ روپے کا حساب دینا ہو گا، چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کہتی ہیں کہ ان کے پاس پہننے کو کپڑے نہیں ہیں .


ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو اگر انتقامی کارروائی کرنا چاہتا ہے تو بسم اللّٰہ، اس وقت وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ایوان میں ان کے بیٹے نے ریئل اسٹیٹ کھولا ہوا ہے . عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ آپ کو اور آپ کے بیٹے کو حرام کے مال کی لت پڑی ہے، ڈیڑھ ارب روپے کی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں اور تزین و آرائش کی جا رہی ہے . انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے وزراء کی تنخواہیں 12 لاکھ روپے کر دی ہیں، آپ سرکاری خزانے کو بھی لوٹ رہے ہیں اور قبضے بھی کر رہے ہیں .
ن لیگی رہنما نے کہا کہ تسنیم حیدر کو کس نے ترجمانی کا نوٹیفکیشن دیا ہے، یہ شخص کہتا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی پلاننگ نواز شریف کے ساتھ بیٹھ کر ہوئی . انہوں نے الزام عائد کیا کہ پرویز الہٰی نے کل کی یہ ساری پلاننگ کروائی ہے، کوئی شخص کہہ دے کہ میں ارشد شریف کے قتل کی پلاننگ میں ملوث تھا تو کیا یہ مان لیا جائے گا؟وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی کا کہنا ہے کہ یہ جو اسٹوری آئی ہے کہ فرح گوگی دبئی نہیں گئیں، میں یہ رد کرتا ہوں .
انہوں نے کہا ہے کہ فرح گوگی اپنے انکل کے ہیلی کاپٹر پر کئی دفعہ دبئی جا چکی ہیں . عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ آپ جو انتشار پھیلانے اسلام آباد آ رہے ہیں اگر معاہدہ توڑا تو قانون حرکت میں آ جائے گا، اس دفعہ آپ کو اپنے ہیلی کاپٹر پر آنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی .
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر آپ غیر قانونی ہیلی کاپٹر پر آئے تو سول ایوی ایشن کے ذریعے آپ کا لائسنس معطل کیا جائے گا . وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی عطاء اللّٰہ تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے پاس لوگ نہیں ہیں، ٹولیوں میں لوگ آتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں