رپورٹ میں سپریم کورٹ کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف بلا تفریق کارروائی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، واقعہ کی ہر پہلو سے مکمل تحقیقات کریں گے ،ملوث ملزمان کو سامنے لاکر مثالی سزائیں بھی دلوائی جائیں گی . . .
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی جی پنجاب نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرام کیساتھ مینار گریٹر پارک لاہور میں دست درازی واقعہ کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی . میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں جمع کروائی گئی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ واقعہ کی جامع تحقیقات کیلئے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں،تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا،متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرایا گیا،30 ویڈیوز، 60 تصاویر اکٹھی کرکے نادرا کو شناخت کیلئے بجھوائی گئیں، نادرا نے 9 افراد کی شناخت کی جن کو گرفتار کیا گیا اورپھر گرفتار افرادکی نشاندہی پر مزید ملزمان کو حراست میں لیا گیا ،واقعہ میں ملوث مجموعی طور پر 92 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے،خفیہ اداروں کی مدد سے جیو فنسنگ ڈیٹا اکٹھا کیا گیا،واقعہ کی شام ساڑھے چھ سے لیکر سات بجکر چالیس منٹ کے دوران اٹھائیس ہزار سے زائد افراد کی جانب سے کی جانے والی کالز کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا، سات سو سے زائد افراد کی کالز کو مشکوک قرار دیا گیا .
متعلقہ خبریں