کراچی: اسلامی جمعیت طلبہ کا اسلامیہ کالج خالی کرانے کیخلاف مظاہرہ


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے اسلامیہ کالج کو خالی کرانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں اسلامیہ کالج کی ملکیت کی دعوے دار حسنہ قریشی نے بھی شرکت کی۔
اسلامیہ کالج کے طلباء کی جانب سے احتجاجی طور پر کالج کے باہر کلاس رومز قائم کر کے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی کے تاریخی تعلیمی ادارے اسلامیہ کالج کے طلباء کے ساتھ مجرمانہ برتاؤ کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں شریک طلباء کا کہنا ہے کہ اگر کالج خالی کروایا گیا تو ہم کلاسز باہر لیں گے، ہم کالج پر کسی طور پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔طلباء کی جانب سے قبضے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

طلباء نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمۂ تعلیم سندھ سپریم کورٹ میں کیس کے حوالے سے متحرک کردار ادا کرے اور کالج کو قبضے سے بچایا جائے۔مظاہرے میں اسلامیہ کالج کی ملکیت کی دعوے دار حسنہ قریشی نے بھی شرکت کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 1947ء کے بعد میرے دادا اور والد نے تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اسلامیہ کالج قائم کیا تھا۔

حسنہ قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ کے ایم سی سے تعلیم کے لیے پلاٹ لیا گیا تھا، دادا اور ان کے دوستوں نے پیسے لگائے تھے، کالج کے خلاف سندھ حکومت کی کارروائی درست نہیں ہے۔